Garrison News
All voices matter
چیئر لفٹوں کا سیفٹی آڈٹ
پشاور: خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نے بٹگرام میں گزشتہ روز پیش آنے والے کیبل کار کے واقعے کے بعد صوبے میں نصب تمام چیئر لفٹوں کا معائنہ کرنے اور ان کا سیفٹی آڈٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔
خیبر پختونخواہ کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ اپنے دائرہ اختیار میں آن والے تمام علاقوں کی چیئر لفٹوں کا سیفٹی آڈٹ کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تمام تجارتی، گھریلو اور تفریحی مقامات پر نصب چیئر لفٹوں کی فوری طور پر چیکنگ کی جائے۔ ان میں دریاؤں اور نہروں پر نصب کیبل کاریں بھی شامل ہیں۔ ڈی سیز سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام چیئر لفٹوں کے ڈیزائن، صلاحیت اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیں اور ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کریں۔ کیبل کاروں کی تنصیب سے قبل ضلعی انتظامیہ سے این او سی لینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے شمالی علاقوں میں جہاں سڑکیں تعمیر نہیں کی جا سکتی ہیں ان علاقوں کے گاؤں اور قصبوں کو جوڑنے کے لیے کیبل کاریں بہت اہم ہیں۔
2017 میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قریب ایک پہاڑی بستی میں چیئر لفٹ کی کیبل ٹوٹنے سے 10 افراد کھائی میں گر کر ہلاک ہو گئے تھے۔